اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنگ میں بھارت کو شکست کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کی عزت بڑھی، معرکہ حق میں افواج پاکستان کا زور دار مکا مودی سرکار کو کبھی نہیں بھولے گا، شہداء کی عزت و تکریم ہمارا فرض ہے اگر کوئی ان کا مذاق اڑائے اور تضحیک کرے تو نہ دنیا میں اس کو عزت ملے گی نہ اللہ معاف کریگا،پاکستان میں ترقی جادو، ٹونے سے نہیں محنت سے ہوگی، نوجوان ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، مصنوعی ذہانت کی تربیت کیلئے نوجوانوں کو چین اور یورپ بھجوایا جائیگا، وفاق ،صوبائی حکومتیں اور عوام ملکر فیصلہ کر لیں تو ملک تیزی سے ترقی کریگا اور معاشی طور پر اقوام عالم میں اسی مقام پر پہنچے گا جس پر ہم عسکری طور پر پہنچے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یونیورسٹی آف ہری پور میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ہری پور کے لیے دانش اسکول کے قیام کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ ہری پور میں بچوں اوربچیوں کے لیے علیحدہ علیحدہ دانش اسکول بنائیں جائینگے۔ تقریب میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام ،وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں اور رکن قومی اسمبلی بابرنواز خان بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت پردلی خوشی ہو رہی ہے، خیبر پختونخوا کے عوام بہت دلیر اور غیور ہیں، انہوں نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ملک کی نوجوان نسل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا سفر کسی ایک یا دو صوبوں پر منحصر نہیں ہے بلکہ چاروں صوبے ملکر جب ترقی کرینگے تو پاکستان عظیم ملک بنے گا ،یہ کام انشاء اللہ محنت ، امانت ، دیانت بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق سے ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں 6 اور 10 مئی کے دوران بھارت کو افواج پاکستان کا زور دارمکا پڑا،قوم کی دعاؤں سے مودی سرکار کو وہ سبق سکھایا گیا جو اسے کبھی نہیں بھولے گا، اللہ تعالیٰ نے قوم کو عظیم فتح نصیب کی جس سے دنیا بھر میں پاکستان کی عزت و تکریم میں اضافہ ہوا ہے۔ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے قوم کی دعاؤں سے فتح حاصل کی، دلی سے لےکرممبئی تک بھارت یہ شکست کبھی بھول نہیں پائےگا۔انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کی وجہ سے مجھ پر تنقید کے نشتر بھی چلائے گئے لیکن میرا ضمیر بہت مطمئن تھا کیونکہ چھ لاکھ لیپ ٹاپ مکمل شفافیت کے ساتھ میرٹ پر تقسیم کیے گئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی تربیت کے لیے طلبہ و طالبات کو چین اور یورپ بھجوایا جائے گا،معیشت منجدھار سے نکل آئی ہے،ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا ہے۔