اسلام آباد(تنویر ہاشمی ) پاکستان اور یورپی سرمایہ کاری بینک (ای آئی بی) نے کراچی کو صاف پانی کے فراہمی کے انتظام کو بہتر بنانے کیلئے 20 ارب روپے( 6کروڑیورو ) قرض کیلئے معاہدے پر دستخط کیے ہیں ، ای آئی بی کے اس مالیاتی پیکیج سے کراچی میں صاف پانی کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوگا اور کراچی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے آبی تحفظ کو تقویت ملے گی،معاہدے پر برسلز میں اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری حمیر کریم اور یورپی سرمایہ کاری بنک کے سربراہ ایشیا پیسفک ایڈورڈ اس بمستیانس نے دستخط کیے ، تقریب میں یورپی کمیشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میریام فیران، یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی، پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کے سربراہ ریمونڈاس کاروبلس اور یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس (ای ای اے ایس)کی قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر پاولا پامپالونی نے شرکت کی،یہ معاہدہ کراچی واٹر انفراسٹرکچر فریم ورک منصوبے کیلئے یورپین انویسٹمنٹ بینک کی مالی معاونت کو باضابطہ شکل دیتا ہے جس کے تحت کراچی میں اہم واٹر ٹریٹمنٹ سہولیات کی بحالی اور تعمیر کی جائے گی۔