• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایم ایف کی جانب سے مانع حمل اشیاء پر جی ایس ٹی ختم کرنے کی وزیراعظم کی ہدایات مسترد

اسلام آباد(مہتاب حیدر) دنیا کی بلند ترین آبادی میں اضافے کی شرحوں میں سے ایک ہونے اور وزیراعظم شہباز شریف کی واضح ہدایات کے باوجود آئی ایم ایف نے ایف بی آر کو کنٹری سیپٹیو پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) فوری طور پر ختم کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایک ورچوئل میٹنگ میں ایف بی آر نے وزیراعظم کی جانب سے کنڈوم پر جی ایس ٹی فوری ختم کرنے کی خواہش کااظہار کیا جسے آئی ایم ایف نے مسترد کردیا۔لہٰذا ملک میں کنڈوم مہنگے ہی رہیں گے کیونکہ آئی ایم ایف نے اس سلسلے میں ایف بی آر کی پیش کردہ تجویز کو یہ کہتےہوئے مسترد کر دیاہے کہ اس قسم کے معاملات صرف آنے والے بجٹ میں زیرِ بحث لائے جا سکتے ہیں۔اعلیٰ سرکاری ذرائع نے بدھ کے روز دی نیوز کو بتایا کہ آئی ایم ایف نے مانع حمل ادویات پر جی ایس ٹی واپس لینے کی ایف بی آر کی درخواست کو بالکل مسترد کر دیا ہے، جس سے وزیراعظم کے اگست 2025ء کے اس حکم کی راہ مؤثر طریقے سے روک دی گئی ہے جس میں آبادی پر قابو پانے کی مصنوعات کو ملک بھر میں سستی اور وسیع پیمانے پر دستیاب بنانے کا کہا گیا تھا۔ نتیجتاً، پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کے باوجود کنڈوم کی قیمتیں کم کرنے کی فوری کوئی امکان نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اگست 2025ء میں ایف بی آر کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس معاملے کو آئی ایم ایف کے ساتھ اٹھائے، لیکن مہینوں کی کوششوں کے باوجود کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔
اہم خبریں سے مزید