• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بھتہ خوری، سندھ حکومت کا ایکشن کا فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر/نیوز ایجنسی) سندھ حکومت کا بیرونِ ملک بیٹھ کر کراچی میں بھتہ خوری کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ، آباد نے پرچیاں اور فون نمبرز وزیر اعلیٰ کے حوالے کر دیں،سندھ حکومت وفاقی وزیر داخلہ کو آن بورڈ لے گی، وزیراعلی کی زیر صدارت آبادکے نمائندوں کا اجلاس، آئی جی سندھ کی نگرانی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ مراد علی شاہ کی ہدایت پر آئی جی سندھ نے ہنگامی اجلاس بلالیا، چیئرمین آباد کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ آئندہ ماہ آباد کا اہم دورہ بھی کریں گے، بھتے میں ملوث مجرموں کے ریڈ وارنٹ جلد جاری ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کو ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے ایک وفد سے ملاقات کی، جسکی قیادت حسن بخشی کر رہے تھے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت زمینوں پر قبضے یا بھتہ خوری کو برداشت نہیں کرے گی۔ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے وفد میں افضل حمید، حنیف گوہر اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری آغا واصف، سیکرٹری داخلہ اقبال میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ زمین پر کسی بھی قسم کے غیر قانونی قبضے کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے نمائندوں نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ چند ماہ قبل انہوں نے زمینوں پر قبضے کیخلاف سخت کارروائی کی تھی جسکے بعد انکی زمینوں پر کوئی نیا غیر قانونی قبضہ نہیں ہوا۔
اہم خبریں سے مزید