• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی عالمی کتب میلہ 2025 کا ایکسپو سینٹر میں آغاز ہوگیا

کراچی (سید محمد عسکری) علم، تخیل اور فکر و آگہی کے چراغ ایک بار پھر روشن ہوگئے، جب پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن (PPBA) کے زیرِ اہتمام پانچ روزہ کراچی عالمی کتب میلہ 2025کا جمعرات کو کراچی ایکسپو سینٹر میں شاندار اور پُروقار آغاز ہوا۔ ہزاروں شائقینِ کتاب کی موجودگی نے پہلے ہی دن اس بات کی گواہی دے دی کہ مطالعہ زندہ ہے اور کتاب آج بھی انسان کے شعور کی سب سے مضبوط ہم سفر ہے۔میلے کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیرِ تعلیم سردار علی شاہ نے کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کتاب کی اہمیت کبھی کم نہیں ہوئی، اس لئے کتاب کو مرنے نہیں دینا چاہئے، کیونکہ اگر کتاب مر گئی تو خواب مر جائیں گے۔میں اس عالمی کتب میلے کا پورا سال انتظار کرتا ہوں۔انہوں نے سویڈن کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں ایک دور میں کتاب کو تعلیمی نظام پر بوجھ سمجھ کر ختم کیا گیا، لیکن پندرہ برس کے تجربے کے بعد جب تحقیق سامنے آئی تو معلوم ہوا کہ طلبہ کی تخلیقی صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی، جس کے بعد سویڈن میں دوبارہ کتابوں کا نظام بحال کرنا پڑا۔
اہم خبریں سے مزید