• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی(نیوز ڈیسک) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ایکسپو سینٹر کراچی میں 5روزہ عالمی کتب میلے کے تیسرے روز دورہ کیا، ”ریڈ مودودیؒ ایپ“ کا افتتاح کیا اور مختلف اسٹالوں کا جائزہ لیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ عصرِ حاضر کے عظیم مفکر تھے‘جن کی فکر دورِ رس اور مستقبل بین تھی۔ سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ نے اُس دور میں، جب کمیونزم کا طوطی بولتا تھا، یہ کہا کہ ایک وقت آئے گا جب کمیونزم کو ماسکو میں پناہ نہیں ملے گی اور تاریخ نے ثابت کیا کہ برسوں بعد یہ پیش گوئی حرف بہ حرف درست ثابت ہوئی۔ اسی طرح انہوں نے سرمایہ دارانہ نظام کے انجام کی بھی نشاندہی کی۔الحمداللہ، ریڈ مودودی ؒایپ کے ذریعے سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ کی تمام کتب اردو اور انگریزی زبان میں دستیاب ہیں اور ان شاء اللہ مستقبل میں دنیا کی دیگر زبانوں میں ترجمہ شدہ لٹریچر بھی اس ایپ کا حصہ ہوگا۔ ہر خاص و عام سے گزارش ہے کہ اس ایپ کو ضرور ڈاؤن لوڈ کریں۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ ایک طرف شہر میں کتب میلہ جیسی خوبصورت اور مثبت سرگرمی ہو رہی ہے دوسری جانب ہم اسی شہر کی ابتر حالت بھی دیکھ رہے ہیں۔ کراچی کا انفراسٹرکچر تباہ حالی کا شکار ہے، ریڈ لائن کے نام پر پورا یونیورسٹی روڈ کھود دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی ای چالان کے خلاف نہیں لیکن ای چالان کے نام پر کراچی کے عوام سے جس طرح بھتہ وصول کیا جا رہا ہے یہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ جماعت اسلامی اہلِ کراچی کا مقدمہ لڑ رہی ہے اور ان شاء اللہ لڑتی رہے گی۔ کتاب، علم اور شعور و آگاہی کے فروغ کے ساتھ ساتھ ہم شہریوں کے حقوق کے لیے بھی آواز بلند کرتے رہیں گے۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی نوید علی بیگ، ڈپٹی سکریٹری کراچی راشد قریشی، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور سینئر ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد بھی موجود تھے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید