باڑہ (نمائندہ جنگ ) راشن لے جانے والی ایف سی کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی ، دھماکے سے ،4اہلکارشہید ،2زخمی ہو گئے، فرنٹیئر کور کی گاڑی معمول کے مطابق راشن کی ترسیل کے لیے گزر رہی تھی، دھماکے سے گاڑی تباہ ہوگئی ، زخمی اہلکار ہسپتال منتقل ، سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ، علا قے میں خوف وہراس ۔ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں فرنٹیئر کور (نارتھ) کے 103 ونگ کی راشن لے جانے والی گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ قوم بر قمبر خیل کے علاقے کڑپا پوسٹ کے قریب پیش آیا۔ذرائع کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب فرنٹیئر کور کی گاڑی معمول کے مطابق راشن کی ترسیل کے لیے گزر رہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی شدید طور پر متاثر ہوئی جبکہ چار جوان موقع پر ہی شہید ہوگئے اور دو اہلکار زخمی ہوگئے۔شہید ہونے والوں میں سپاہی فدانواز، سپاہی لال مدین، سپاہی واجد اور سپاہی عامر شامل ہیں، جنہوں نے وطن کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔