• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیوی ٹریفک سے ہلاکت کا سلسلہ نہ تھم سکا، مزید 3 افراد جاں بحق

کراچی( اسٹاف رپورٹر )ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ نہ تھم سکا،مزید 3 افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پور بریکس حنفیہ مسجد کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 17سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ 10سالہ بچہ زخمی ہو گیا جنھیں سول اسپتال منتقل کیا گیا ۔جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 17سالہ مطیع اللہ جبکہ زخمی بچے کی 10سالہ بلال کے نام سے ہوئی۔متوفی مشرف کالونی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق موٹر سائیکل سوار تیز رفتاری کے باعث ٹریلر کے پیچھے کے ٹائروں سے ٹکرا گیا۔پولیس نے ٹریلر ڈرائیور دلاور خان کو گرفتار کر کے ٹریلر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔گڈاپ سٹی تھانے کی حدود سپر ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب کنٹینر سے لدے ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا جس کی لاش کو بقائی اسپتال منتقل کیا گیا۔ایس ایچ او سرفراز جتوئی کے مطابق متوفی کی شناخت 40 سالہ غلام اللہ ولد عبد القیوم بروہی کے نام سے ہوئی،متوفی نوری آباد کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور فرار ہو گیا۔ سائٹ ایریا میں حبیب چورنگی سائیٹ تھانے کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق جسے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔متوفی کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید