کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین و وفاقی وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اب تنظیم میں فیصلے کسی ایک شخص کی مرضی سے نہیں کارکنان کی مرضی اور اجتماعی مشاورت سے کئے جائیں گے،حالیہ سینیٹ انتخابات میں جس طرح سرِعام ٹکٹوں کی خرید و فروخت کی گئی وہ تحریک کے نظریاتی وجود پر حملہ تھا، تنظیم کو ایسی سرگرمیوں کا علم ہو چکا تھا اور غداری و ضمیر فروشی کرنے والوں کے لیے ایم کیو ایم میں اب کوئی جگہ نہیں، ایم کیو ایم کو اب کسی ایکسپرٹ کی ضرورت نہیں بلکہ ہمیں ایسے نظریاتی ماہرین درکار ہیں جو تحریک کو فکری بلندی عطا کر سکیں۔ وہ ہفتے کی شب مرکز بہادر آباد پر ٹاؤن و یوسی کے ذمّہ داران کی تربیتی نشست سے فکر انگیز خطاب کر رہے تھے ۔