• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں دراندازی، 70 فیصد افغان ملوث، افغانستان فتنہ الخوارج اور پاکستان میں سے ایک کا انتخاب کرے، فیلڈ مارشل

اسلام آباد(فاروق اقدس)چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں درندازی کرنے والے ٹی ٹی پی جنگجوؤں میں 70فیصد افغان ہوتے ہیں‘ کسی بھی اسلامی ریاست میں جہاد کا حکم یا فتویٰ ریاست کے علاوہ کوئی اور نہیں دے سکتا‘ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران اللہ تعالیٰ کی خصوصی مدد کونہ صرف دیکھا بلکہ محسوس بھی کیا‘افغان طالبان کی پشت پناہی سے دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کے معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے‘ افغانستان کو فتنہ الخوارج اور پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا‘اللہ تعالیٰ نے اسلامی ممالک میں سےمحافظین حرمین کا شرف پاکستان کو عطا کیا ہے۔ پاکستان کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد، فکری یکجہتی اور علم کی طاقت ناگزیر ہے۔ وہ 10 دسمبر 2025 کو اسلام آباد میں منعقدہ قومی علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ملک بھر سے تمام مکاتبِ فکر کے علماء اور مشائخ نے بھرپور شرکت کی۔فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں دہشت گردی، قومی سلامتی، عالمی برادری میں پاکستان کے ابھرتے کردار، جنگی تیاریوں اور علم و قلم کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے قرآنِ کریم کی آیات اور اشعار کے حوالہ جات پیش کرتے ہوئے پاکستان کے بارے میں اپنا واضح اور دو ٹوک مؤقف بیان کیا۔فیلڈمارشل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی وہ تنظیمیں جو پاکستان میں دراندازی کرتی ہیں ان میں اکثریت افغانوں کی ہوتی ہے۔ٹی ٹی پی کی جانب سے پاکستان آنے والی فورسز میں 70 فیصد افغان شامل ہوتے ہیں۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے سوال اٹھایا کہ کیا افغانستان ہمارے پاکستانی بچوں کا خون نہیں بہا رہا؟انہوں نے یاد دلایا کہ افغان طالبان کو واضح طور پر کہا گیا تھا کہ وہ پاکستان اور ٹی ٹی پی میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔

اہم خبریں سے مزید