• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیورو کریسی کیلئے اہم خبر، وفاقی افسران کی ترقی کیلئے اہم اجلاسوں کا شیڈول تبدیل

اسلام آ باد ( راناغلام قادر )وفاقی بیورو کریسی کیلئےا ہم خبر ہے کہ وفاقی افسران کی ترقیوں کیلئے طلب کیے گئے اہم اجلاسوں کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 18 اور گریڈ 19 میں ترقیوں کیلئے طلب کئے گئے ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ اور ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے اجلاس ری شیڈول کرنے کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 18 سے گریڈ 19 میں ترقیوں کیلئے ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ کا اجلاس اب 6 جنوری 2026 بروز منگل دوپہر 12 بجے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بیرسٹر نبیل احمد اعوان کی زیرصدارت منعقد ہوگا، اس اجلاس میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان، آفس مینجمنٹ گروپ اور ایکس کیڈر افسران کی ترقیوں کے کیسز پر غور کیا جائے گا، اس سے قبل یہ اجلاس 23 دسمبر 2025 کو شیڈول کیا گیا تھا، تاہم انتظامی وجوہات کے باعث اس کی تاریخ تبدیل کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق پاکستان ایڈ منسٹر یٹو سروس کی گریڈ انیس کی 258پوسٹیں خالی ہیں جبکہ پینل میں دستیاب افسران کی تعداد 115ہے۔ پولیس سروس کی گریڈ انیس کی 109آسامیاں ہیں جبکہ پینل میں دستیاب افسران کی تعداد 68ہے۔ او ایم جی کی خالی آ سامیاں179ہیں جبکہ پینل میں دستیاب افسران کی تعداد149ہے ۔ مجموعی طور پر تینوں سروسز کی کل خالی پوسٹیں 546ہیں جبکہ پینل میں 332افسران شامل ہیں۔دریں اثنا گریڈ 17 سے گریڈ 18 میں ترقیوں کیلئے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس اب 13 جنوری 2026 بروز منگل طلب کر لیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید