اسلام آباد(ساجد چوہدری )وفاقی حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی قومی کمیٹی برائے انفارمیشن و کمیونیکیشن سکیورٹی (این سی آئی سی ایس ) قائم کر دی جو تمام وزارتوں، ڈویژنز اور سرکاری اداروں کیلئے ایک جامع فریم ورک تیار کرے گی ، کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق اہم معلوماتی انفراسٹرکچر اور انفارمیشن سسٹمز کی سکیورٹی قومی سلامتی کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، دشمن ایجنسیوں کی جانب سے ہماری مواصلاتی اور سائبر نیٹ ورکس کو جاسوسی، بندش یا خلل ڈالنے کے لیے مسلسل خطرات لاحق ہیں، اس پس منظر میں، انفارمیشن نیٹ ورکس میں موجودہ کمزوریوں کا فوری جائزہ لینا ناگزیر ہے تاکہ ایک مضبوط، پائیدار اور ناقابلِ نفوذ انفارمیشن سکیورٹی فریم ورک تیار کیا جا سکے، قومی کمیٹی برائے انفارمیشن و کمیونیکیشن سیکیورٹی کے چیئرمین وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام ہوں گے، کمیٹی کے ارکان میں آئی ایس آئی کے ڈی سی ٹیکنیکل ، چیئرمین پی ٹی اے، ڈی جی این سی ای آر ٹی ڈاکٹر حیدر عباس، ایڈیشنل سیکرٹری (اسٹیبلشمنٹ ڈویژن)، سیکریٹری این ٹی آئی ایس بی، کابینہ ڈویژن کے سیکرٹری، صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے نامزد و مجاز نمائندگان شامل ہوں گے، ایڈیشنل سیکرٹری (فنانس ڈویژن)، ایڈیشنل سیکرٹری (وزارت خارجہ)، متعلقہ شعبوں سے کوئی بھی دیگر رکن اور اکیڈیمیا یا تنظیموں کے نمائندے شامل کیے جا سکتے ہیں، جیسا کہ چیئرمین کمیٹی مناسب سمجھیں گے، یہ کمیٹی سرکاری وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کے انفارمیشن سسٹمز کا جائزہ اور نگرانی کرے گی تاکہ کمزوریوں کی نشاندہی، خلا کا تجزیہ، موجودہ انفارمیشن سیکیورٹی عمل کے موثر کا جائزہ اور خطرات کے تدارک کیلئے سفارشات مرتب کی جا سکیں۔