• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کتب میلے کا چوتھا روز کتابوں کی خریداری کے ریکارڈ ٹوٹ گئے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ پانچ روزہ کراچی عالمی کتب میلے کے چوتھے روز اتوار کو کتابوں کی خریداری کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ قارئین کتب کا اتنا رش تھا کہ پارکنگ کیلئے جگہ ختم ہوگئی جس کی وجہ لوگوں کو ایکسپو سینٹر کے باہر گاڑیاں پارک کرنا پڑیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگیا۔ اتوار چھٹی کی وجہ سے تل دھرنے تک کی جگہ نہیں تھی ۔ایکسپو سینٹر طلبا،اساتذہ ،علمی و ادبی شخصیات سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا ۔صبح 10بجے سے رات9بجے تک بک فیئرمیں ملکی و غیر ملکی پبلشرز، مصنفین، کتاب فروش، اور کتاب دوست بڑی تعداد میں ہر وقت موجود رہے ۔کتب میلے میں تعلیمی، ادبی، مذہبی، سائنسی اور بچوں کی کتابوں سمیت مختلف موضوعات پر ہزاروں کتابیں دستیاب ہیں۔ پاکستان اور بیرونِ ملک سے آنے والے پبلشرز نے اپنے اسٹال لگا رکھے ہیں جہاں ہر عمر کے افراد، طلبا، اساتذہ، ادبی شخصیات اور عام قارئین اپنی دلچسپی کی کتابیں دیکھ اور خرید رہے ہیں۔ایک محتاط اندازے کے مطابق کتب میلے کے پہلے چاردن ایکسپو سینٹر میں آنیوالے شائقین کتب کی تعداد 5لاکھ سے تجاوز کر گئی ۔کتب میلے ُ میں ملکی اور غیر ملکی پبلشرز اور بک سیلرزکی جانب سے 329اسٹالز لگائے گئے ہیں ۔ جن میں ملائیشیا، ترکی، مصر ،یو اے ای سمیت 17ممالک کے پبلشرز و بک سیلرز بھی شامل ہیں ۔ کتب میلہ پیر 22دسمبر تک جاری رہے گا۔ پیر کو کتب فروشوں نے آخری دن کتب بینی کے شوقین افراد کیلئے کتابوں کی خریداری پر بڑی کمی کا اعلان کر دیا ہے- دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کتاب کی طرف واپس لانے کیلئے کتب میلے میں لانا ہو گا۔میرا نوجوانوں کو مشورہ ہے کہ وہ چائے و قہوہ خانے جاتے وقت ایک کتاب بھی ساتھ لے جائیں۔وہ اتوار کو کراچی عالمی کتب میلے کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پرپاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کامران نورانی اور کنوئیر وقار متین بھی موجود تھے ۔فاروق ستار نے ازراہ تفنن کہا کہ ہماری دسویں جماعت کے اساتذہ بتارہے ہیں کہ ہر مرد کی کامیابی کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے آج کل کے نوجوان اسی عورت کو ڈھونڈھ رہے ہیں اگر نوجوان کتاب پڑھ کر اس عورت کو ڈھونڈیں گے تو اچھی، باصلاحیت اور قابل لڑکی ملے گی۔
اہم خبریں سے مزید