کراچی( افضل ندیم ڈوگر )کراچی میں اچانک دھند سے اتوار کو ملک بھر کا فلائٹ آپریشن درہم برہم ہوا۔ مجموعی طور پر 180پروازیں متاثر ہوئیں جن میں سے کراچی اور سیالکوٹ کی 9 پروازوں کو مسقط لاہور اور اسلام اباد اتارا گیا۔ 15 پرواز منسوخ کر دی گئیں۔ جبکہ 160پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی۔ اتوار کی صبح 4بجے اچانک دھند سے حد نظر صفر تک پہنچ گیا۔ مدینہ، دوحہ، استنبول، ابوظہبی، بحرین، جدہ سے کراچی پہنچی 7 غیرملکی پروازوں کو واپس موڑ دیا گیا۔ جن میں سے 6پروازیں مسقط ایئرپورٹ پر اتار لی گئیں جبکہ 1پرواز کو اسلام اباد منتقل کیا گیا۔ کراچی کا فلائٹ آپریشن صبح ساڑھے 10بجے بحال ہو سکا۔ اسی طرح سیالکوٹ میں بھی دھند سے دمام اور جدہ سے پہنچی پروازوں کو لاہور ایئرپورٹ اتارا گیا۔ اسلام اباد ریاض گلگت اسکردو کراچی لاہور سکھر کی 15 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اسلام آباد ایئرپورٹ کی30، کراچی سے اسلام آباد کی15، لاہور ایئرپورٹ کی 35، کراچی سے لاہور کی 16، کراچی کی 40پشاور کی 5، سیالکوٹ 5، کوئٹہ 3، ملتان 8 فیصل آباد کی 4 پروازوں کی امد اور روانگی میں تاخیر ہوئی۔ لاہور ایئرپورٹ کی بیشتر پروازوں کی امد اور روانگی میں ایک سے 12 گھنٹے تک تاخیر رپورٹ ہوئی اسی طرح کراچی ایئرپورٹ کی پروازوں میں بھی تاخیر کا دورانیہ 7 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔