• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوہانسبرگ کے قریب ٹاؤن شپ میں فائرنگ، 9 افراد ہلاک، 10 زخمی

کراچی (نیوز ڈیسک) جنوبی افریقہ میں جوہانسبرگ کے قریب ٹاؤن شپ میں فائرنگ سے 9 افراد ہلاک، 10زخمی ہوگئے، دسمبر میں یہ فائرنگ کا دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ حملہ آوروں نے فرار ہوتے ہوئے سڑک پر موجود افراد کو بھی نشانہ بنایا، مقصد تاحال معلوم نہ ہوسکا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے قریب واقع بیکرزڈال ٹاؤن شپ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک غیر رسمی شراب خانے (ٹورن) اور آس پاس کی گلیوں میں فائرنگ کر کے نو افراد کو ہلاک اور دس کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور دو گاڑیوں میں آئے، پہلے ٹورن میں موجود لوگوں پر فائرنگ کی اور پھر فرار ہوتے ہوئے سڑک پر موجود افراد کو بھی نشانہ بنایا۔ ابتدائی طور پر ہلاکتوں کی تعداد دس بتائی گئی تھی، تاہم بعد میں پولیس نے اس کی تصحیح کرتے ہوئے نو افراد کی موت کی تصدیق کی۔ مقتولین میں ایک آن لائن ٹیکسی سروس کا ڈرائیور بھی شامل تھا جو بار کے باہر موجود تھا۔ حملے کا مقصد تاحال واضح نہیں ہو سکا، جبکہ پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ یہ واقعہ دسمبر کے مہینے میں جنوبی افریقہ میں ہونے والی دوسری بڑی اجتماعی فائرنگ ہے۔ اس سے قبل 6 دسمبر کو پریٹوریا کے قریب ایک ہاسٹل میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک کمسن بچے سمیت بارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جنوبی افریقہ میں جرائم، گینگ تشدد، غیر قانونی کاروبار اور منظم جرائم کے نیٹ ورکس کی وجہ سے قتل کی شرح دنیا کی بلند ترین شرحوں میں شمار ہوتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید