• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول سروسز اکیڈمی، افسران کو قومی تمباکو کنٹرول ورکشاپ میں عملی تربیت حاصل

لاہور(آصف محمود بٹ) سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) لاہور نے اپنے 53 ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کے زیر تربیت (پروبینشنری ) افسران کو قومی تمباکو کنٹرول لیڈرشپ ورکشاپ میں حصہ دلا کر عملی اور پالیسی سطح کی تربیت فراہم کی جس کا انعقاد اسلام‌آباد میں ہوا۔ اس دو روزہ ورکشاپ کا مقصد نوجوان افسران کو حکومتی پالیسیوں، قوانین اور ان کے نفاذ کے عملی پہلوؤں سے گہری واقفیت فراہم کرنا تھا۔ورکشاپ میں شریک افسران نے پاکستان میں تمباکو کنٹرول کے قانونی فریم ورک، نفاذ میکنزم، اور عالمی سطح پر عالمی ادارہ صحت کے فریم ورک کنونشن کے تحت پاکستان کی ذمہ داریوں پر مباحثے کئے، جس سے انہیں قانون سازی اور عملدرآمد میں حکومت اور انتظامیہ کے کردار کا عملی ادراک ہوا۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی، ضلعی سطح پر نفاذ کے چیلنجز اور پالیسی خلا پر گروپ پریزنٹیشنز بھی پیش کیں جن میں تربیتی پروگراموں میں تمباکو کنٹرول کے ماڈیولز کے انسٹی ٹیوٹائزیشن جیسے ٹھوس مشورے شامل تھے۔ڈائریکٹر کامن ٹریننگ پروگرام ڈاکٹر سید شبیر اکبر زیدی نے افسران سے خطاب میں کہا کہ تمباکو پر قابو پانا محض صحت کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک مضبوط قیادت اور گورننس کا تقاضا ہے، اور سول سروسز کو قانون سازی اور اس کے نفاذ کے درمیان پائی جانے والی خلیج کو ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے نوجوان افسران کو آگے بڑھ کر عوامی پالیسیوں میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔یہ ورکشاپ وزارتِ قومی صحت خدمات، ضابطہ کاری اور ہم آہنگی کے تعاون اور عالمی ادارہ صحت پاکستان کی شراکت سے منعقد ہوئی، جس میں پالیسی ساز، صحت کے ماہرین، قانون نافذ کرنے والے ادارے، سول انتظامیہ، تربیتی ادارے اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔
اہم خبریں سے مزید