اسلام آباد (ساجد چوہدری/ایجنسیاں) عارف حبیب کنسورشیم نے ایک سخت مقابلے کے بعد قومی ائیرلائنز پی آئی اے کو 135ارب روپے میں خرید لیا‘ عارف حبیب کنسورشیم نےبڈنگکے تیسرے مرحلے میں135ارب روپے کی بولی دیکر پی آئی اے کے75فیصدشیئرز خریدنے میں کامیابی حاصل کی‘لکی کنسورشیم134ارب روپے کی بولی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا‘ 75فیصد شیئر کی فروخت کے بعد پی آئی اے کی مجموعی ویلیو 180ارب روپے ہو گئی ہے‘بولی کا عمل براہ راست نشر کیاگیا‘ حکومت کی جانب سے کم از کم قیمت (ریفرنس پرائس) 100 ارب روپے مقرر کی گئی تھی ‘وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کامیاب بڈنگ پر اظہار تشکر‘ قوم کو مبارکباددی‘وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی نجکاری کے فیصلوں کی توثیق کر دی‘ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ مقامی سرمایہ کارآگے آئیں گے توبیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا‘عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب کا کہنا ہےکہ آج پاکستان کی جیت ہوئی‘پی آئی اےکو دوبارہ سے عظیم بنانے کے لیے محنت کریں گے‘ مشیر نجکار ی محمد علی نے کہا کہ بولی سے حاصل رقم کا 92.5 فیصد حصہ قومی ائیر لائن کی بہتری پر خرچ ہوگا جبکہ ساڑھے سات فیصد حکومت کے خزانے میں آئیگا‘کامیاب بولی دہندہ کیلئے ادائیگی کاطریقہ کار بھی وضع کیا گیاہے‘ دو تہائی ادائیگی شروع میں اور ایک تہائی بعد میں کی جاسکےگی‘ہم نے بڈرز کو بولی کے بعد دو پارٹیز کو اپنے ساتھ شامل کرنے کی بھی اجازت دی ہے‘باقی پچیس فیصد شیئر کی خریداری کا بھی آپشن موجود ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کوقومی ایئر لائن کی نجکاری کی بڈنگ کا عمل مشیر نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی کی سربراہی میںاسلام آباد کے ایک ہوٹل میں ہوا۔وفاقی وزراءمحمد اورنگزیب‘عطا تارڑ اور بعض ارکان پارلیمنٹ نے بھی کچھ دیر کیلئے بڈنگ کا عمل دیکھا۔بولی کے پہلے مرحلے میں عارف حبیب کنسورشیم گروپ نے 115 ارب روپےکی سب سے زیادہ بولی لگائی جبکہ لکی کنسورشیم نے101.5 ارب روپےکی ائیربلیو نے 26 ارب 50 کروڑ روپےکی بولی لگائی‘ائیربلیو بیس پرائس سے کم بولی دینے پر پہلے ہی مرحلے میں مقابلے سے باہر ہو گیا‘دوسرے مرحلے میں پی آئی اے کے حصول کیلئے عارف حبیب کنسورشیم اور لکی کنسورشیم کے درمیان سخت مقابلہ شروع ہوا ، اس دوران لکی کنسورشیم نے 120.25ارب روپے کی نئی بولی لگائی جبکہ عارف حبیب کنسورشیم نے 121 ارب روپےکی نئی بولی لگائی، اس دوران پھر آدھے گھنٹے کا وقفہ کر دیا گیا ، پھر نیلامی کا تیسرا مرحلہ شروع ہوا تو عارف حبیب کنسورشیم نے 135ارب روپے کی بولی دی تاہم اس موقع پر لکی کنسورشیم 134ارب روپے کی بولی پر رک گیا ، اس طرح عارف حبیب کنسورشیم نے 135ارب روپے کی بولی دیکر قومی ایئر لائن پی آئی اے کے 75فیصد شیئر حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا‘ اس موقع پر مشیر نجکار ی محمد علی نے کہا کہ حکومت کا مقصد قومی ائیرلائن کوبیچنا نہیں بلکہ اسے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔