• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کو پیچیدہ، وسیع اور مستقل چیلنجز کا سامنا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

اسلام آباد (فاروق اقدس) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملک کو پیچیدہ، وسیع اور مستقل چیلنجز کا سامنا ہے،مستقبل کے لیڈروں کو تربیت دی جانی چاہیے اور ایسے کثیر الجہتی علمی چیلنجوں کو پہچاننے انکا اندازہ لگانے اور ان کا مقابلہ کرنے کیلئے چوکس رہنا چاہیے۔ فوج کے شعبہ تعلقات آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق منگل کوچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔ جہاں انہیں جاری نیشنل سیکورٹی اور وار کورس کے سول اور ملٹری شرکاء کے پینل نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور ان پر قابو پانے کیلئے ضروری اقدامات کے بارے میں اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے پیچیدہ اور ابھرتے ہوئے عالمی علاقائی اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا خاکہ پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ملک کو وسیع اور مستقل چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیلنجز روایتی انٹیلیجنس سائبر معلومات فوجی اقتصادی اور دیگر شعبوں پر محیط ہیں جن کا مقابلہ کرنے کے لیے جامع کثیر الجہتی تیاری قومی طاقت کے تمام عناصر کے درمیان مسلسل موافقت اور ہم اہنگی کی ضرورت ہے۔فیلڈ مارشل نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ دشمن عناصر بالواسطہ اور مبہم طریقے اختیار کر رہے ہیں جس میں پراکسی کا استعمال ظاہری محاذ ارائی کے بجائے اندرونی فالٹ لائنوں سے فائدہ اٹھانا بھی شامل ہے۔

اہم خبریں سے مزید