اسلام آباد (ساجد چوہدری، تنویر ہا شمی ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دے دی ، ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے جب کہ حکومت اس سفر میں مزید تیزی لا رہی ہے، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات کو جلد کابینہ میں لے جائیں گے، ٹیلی کام سیکٹر سمیت دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت یقینی بنائی جائے گی، 600میگاہرڈز سپیکٹرم کی آکشن کرنے جارہے ہیں، جلد پاکستان میں فائیوجی متعارف ہو جائے گا، آئندہ چارسے چھ ماہ میں تمام عمل مکمل کیاجائے گا، انہوں نے کہا انٹرنیٹ ہی پورے ڈیجیٹل نظام کی بنیاد ہے، انٹرنیٹ کی سپیڈ کے ساتھ اس کی رسائی بھی بڑھائیں گے، کوشش ہے کہ آ ئندہ سال تک مکمل ہو جائیگی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ مالیاتی اور ڈیجیٹل شمولیت میں اسپیکٹرم کا بہت بڑا کردار ہے جب کہ جن اسپیکٹرم کی نیلامی نہیں ہو سکی، وہ ایک لحاظ سے ملک کے لیے مالی نقصان ہی ہے، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دی گئی ہے۔