کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شہر میں ہیوی ٹریفک تاحال سوال ہے اور اس کی ٹکر سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے،رکشہ سے ریس لگاتے ٹرک نے معصوم بچی کی جان لے لیا، پانچ سالہ نور صبا والد کے ہمراہ چیز لینے جا رہی تھی،ٹریفک حادثات میں بچی کے علاوہ خاتون سمیت مزید دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق منگھوپیر تھانے کی حدود گرم چشمہ کے قریب ٹرک کی ٹکر سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں بچی کی شناخت 5 سالہ نور صبا دختر شہزادو کے نام سے کی گئی۔ متوفی بچی منگھوپیر گرم چشمہ کے قریب کی رہائشی تھی جو واقعہ کے وقت اپنے والد کے ہمراہ چیز لینے جا رہی تھی کہ عقب سے ایک رکشا اور ٹرک ریس لگاتے ہوئے آرہے تھے ، ٹرک نے رکشا کو بچاتے ہوئے کمسن بچی کو کچل دیا ، علاقہ مکینوں نے ٹرک ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ۔متوفی بچی کے والد محنت مزدوری کرتے ہیں جبکہ وہ تین بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھی۔ماڑی پور تھانے کی حدود ماڑی پور گریس انڈس یارڈ کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 30 سالہ ذیشان ولد جان خان کے نام سے کی گئی ، متوفی پنجاب کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔لیاقت آباد 5 نمبر شیل پیٹرول پمپ والی گلی میں رکشا سے اترتے ہوئے گر کر خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفیہ کی شناخت 55 سالہ شگفتہ زوجہ شاکر حسین کے نام سے ہوئی ۔متوفیہ رکشا سے اترتے ہوئے گری اور اس کا سر سڑک سے ٹکرا گیا ۔