پشاور،کوہاٹ ،کرک(جنگ نیوز+نامہ نگاران جنگ ) کرک کے علاقے تھانہ گرگری کی حدود میں پولیس پر دہشت گردوں کےحملے میں پانچ اہلکار شہید ہو گئے۔ پولیس کی جوابی کاروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کرک کے تھانہ گرگری کی حدود میں اس وقت حملہ کیا گیا جب پولیس کی گاڑی گیس پیداوار کمپنی مول کے ساتھ سیکیورٹی ڈیوٹی پر جا رہی تھی۔ فائرنگ سے پولیس گاڑی آگ بھڑک اٹھی، جس سے گاڑی میں موجود پانچوں اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ واقعے کے فوری بعد ڈی پی او کرک سعود خان پولیس فورس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ اور شہیدا کی لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ جبکہ حملہ اوروں کی تلاش کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا ۔ ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عباس مجید مروت نے میڈیا کو بتایا کہ گرگری کے پہاڑی علاقے میں پولیس اوردہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تحریک طالبان پاکستان کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں پہاڑی علاقے میں پڑی ہیں۔ دیگر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے کارروائیاں جاری ہیں۔