اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)وفاقی کا بینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر ویزا کلیئرینس نظام کی منظوری دے دی۔ اس نظام کا مقصد بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو ایک شفاف اور محفوظ نظام کے تحت انکے ویزے کے حصول کو آسان بنانا ہے۔کابینہ نے نیشنل کینبیز کنٹرول اینڈ ریگولیٹری پالیسی 2025 ، نیشنل یونیورسٹی فار سیکیورٹی سائنسز بل کی تنسیخ کی بھی منظوری دیدی یہ منظوری وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں دی گئی ۔وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطا بق کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر آف گریٹ پاور پلانٹس لیوی ایکٹ 2025 کے تحت تیسرے فریق کی جانب سے کیپٹیو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت پر لیوی لگانے کی منظوری دے دی۔ پبلک ٹینڈرنگ اور پروکورمنٹ کے تمام مراحل کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وفاقی کابینہ نے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس PPRA Ordinance) 2002) میں ترامیم کی اصولی منظوری دی۔وفاقی کابینہ نے نیشنل یونیورسٹی فار سیکیورٹی سائنسز اسلام اباد 2025 کے بل کی تنسیخ کی منظوری دے دی۔