اسلام آباد(جنگ رپورٹر)پاکستان بار کونسل نے پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف ایمو ایبل پراپرٹی ایکٹ2025کو مستردکر دیا، وائس چیئرمین طاہر وڑائچ کی زیر صدارت پاکستان بار کونسل کے اجلاس نے متفقہ قرارداد کے زریعے فوری طور پر ایکٹ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان بار کونسل کا اجلاس گزشتہ روز سپریم کورٹ بلڈنگ میں بار کونسل کے وائس چیئرمین طاہر نصراللہ وڑائچ کی زیر صدارت منعقد ہوا،جس نے پنجاب پروٹیکشن آف اونر شپ آف امو ایبل پراپرٹی ایکٹ 2025 کو مسترد کرتے ہوئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کرلی ،اجلاس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ مذکورہ ایکٹ کو فوری طور پر واپس لیا جائے ،اس بات کا اعادہ بھی کیا گیا کہ قانون دان برادری لاہور ہائی کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کو بھی عدلیہ کی سالمیت پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور اگر ضرورت پڑی تو تحریک بھی چلائے گی ۔ اجلاس نےاس ایکٹ کو منظور کرنے پر حکومت پنجاب کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف غیر آئینی اور غیر قانونی ہے بلکہ قانون شہادت، سول پروسیجر کوڈ، ضابطہ فوجداری سمیت دیگر ضابطوں کی دفعات سے بھی متصادم ہے۔