• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوری میں کراچی سے ڈھاکہ کے لیے پروازوں کا آغاز

اسلام آباد (صالح ظافر) جنوری میں کراچی سے ڈھاکہ کے لیے پروازوں کا آغاز، پاک-بنگلہ دوطرفہ تجارت میں 20 فیصد اضافہ، دونوں ممالک کے تاجر سرمایہ کاری کے نئے مواقع کیلئے متحرک۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازوں کا سلسلہ اگلے ماہ سے بحال ہو جائے گا، کیونکہ جنوری میں کراچی سے ڈھاکہ کے لیے پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اعلیٰ سطحی ہوابازی (ایوی ایشن) کے ذرائع نے اتوار کو جنگ کو بتایا کہ دونوں برادر ممالک کے ہوا بازی کے حکام نے پروازوں کے آپریشنز کی توثیق کر دی ہے، جس سے پاکستان اور بنگلہ دیش ایک دوسرے کے مزید قریب آ رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر، عمران حیدر نے اشارہ دیا ہے کہ کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز جنوری میں کر دیا جائے گا۔ انہوں نے اتوار کے روز ڈھاکہ کے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے خیر سگالی ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں جانب سے تجارت، سرمایہ کاری اور ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ ثقافتی، تعلیمی اور طبی تبادلوں کو بڑھا کر ان دو جنوبی ایشیائی برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہائی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں دوطرفہ تجارت میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹیز فعال طور پر سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کر رہی ہیں۔ ثقافتی تبادلوں میں نمایاں اضافے کے پیشِ نظر، بنگلہ دیشی طلبہ نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے حصول، خاص طور پر طبی علوم، نینو ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید