کراچی (ٹی وی رپورٹ) برطانوی جریدے ٹیلی گراف میں پاکستان کی فتح سے متعلق جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں دفاعی تجزیہ کار ڈاکٹر قمر چیمہ اور جنرل (ر)طارق رشید خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح کے اخبارات پاکستان کی تعریف کر رہے ہیں،یقینا اس کا سہرا فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق ماہر قومی سلامتی اُمور ڈاکٹر قمر چیمہ نے کہا کہ انٹرنیشنل میڈیا ہاؤسز اور تھنک ٹینک نے لکھنا شروع کر دیا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ر مڈل پاور کے طور پراہمیت اختیا کرچکا ہے اور یقینا اس کا سہرا فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جاتا ہے بھرپور جنگ کرنا اور فوری امن کے لئے بھی تیار ہوجانایہ ایک خوبصورت امتزاج ہے یہی وجہ ہے کہ انہیں ہر جگہ سراہا جارہا ہے۔ پاکستان نے ذمہ دارانہ رویہ اپنایا وائٹ ہاؤس کو غیر روایتی سفارتکاری سے ہینڈل کیا جس کی وجہ سے وائٹ ہاؤس پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے جارہا ہے۔گلوبل اخبار یوں ہی خبر نہیں چھاپ دیتے یقینا انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت کو محسوس کیا ہے اور ا سطرح کے آرٹیکل چھاپے جارہے ہیں دوسری طرف انڈیا کے اپنے اخباروں میں 2025 کو انڈیا کے لئے بدترین سال قرار دیا جارہا ہے۔