کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر ) رواں برس موسیقی کا جادو سر چڑھ کر بولا اور سُرسنگیت کی برسات ہوتی رہی،کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں یادگار محافل موسیقی کا انعقاد کیا گیا۔2025 میں پاکستان آئیڈل سب سے بڑا مقبول میوزیکل پروگرام ثابت ہوا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان، عاطف اسلم، علی ظفر،صنم ماروی، حدیقہ کیانی، میشا شفیع اورسجاد علی نے کراچی سمیت ملک بھر میں درجنوں کنسرٹس کئے۔ آرٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں مختلف ممالک کے سینکڑوں فنکاروں نے40 روز تک اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ قوالی نائٹس اور شہرت یافتہ سنگرز کےکنسرٹس کا مابین مقابلہ رہا۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بزرگ بینجو نواز استاد نور بخش کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق رواں برس ملک اور بیرون ممالک میں پاکستان آئیڈل کے چرچے رہے۔ اس پروگرام کے ججز میں استاد راحت فتح علی خان، بالی وڈ اور پاکستانی فلموں کے ہیرو فواد خان، بلال مقصود اور زیب توجہ کا مرکز بنے رہے۔ ابھی شو ختم نہیں ہوا، نئے سال میں بھی پاکستان آئیڈل پوری آب و تاب کے ساتھ جاری و ساری رہے گا۔ سب کو انتظار ہے کہ پاکستان آئیڈل کا تاج کس خوش نصیب فنکار کے سر سجے گا۔ مقابلہ سخت ہے، ایک سے بڑھ کر ایک آوازیں سامنے آرہی ہیں۔ نئے نسل کو ایک اور بڑا گائیک ملنے والا ہے۔ پروگرام کے جج استاد راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان آئیڈل میں انصاف کے تقاضے پورے کئے جارہے ہیں۔ فلم اسٹار فواد خان کا کہنا ہے کہ میں بطور جج اس بڑے پروگرام کو بے حد انجوائے کررہا ہوں۔ دوسری جانب رواں برس ملک بھر سُر سنگیت کی بارش ہوتی رہی۔ سب سے زیادہ پروگرام جشن آزادی معرکہ حق کے موقع پر ہوئے۔