ریاض/اسلام آباد(ایجنسیاں)سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کے مسودے کی منظوری دے دی جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کوسعودی عرب کے شہر تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان نے ٹیلیفون کیا۔ گورنرتبوک نےانہیں نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شہزادہ فہد نے نائب وزیراعظم کو تبوک آنے کی دعوت دی۔ گفتگو میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی کابینہ نے گزشتہ ورز ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت کے مسودے کی منظوری دی۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دیگر ملکوں کے ساتھ بھی باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ لیا جو سعودی وژن2030 کے اہداف میں شامل ہیں۔