اسلام آباد ( طاہر خلیل )پلڈاٹ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ سیکورٹی پر مبنی ماحول بالخصوص مئی 2025 میں پاک بھارت مسلح تصادم کے بعد سے پاکستان میں جمہوری اداروں اور حکومتی امور سمیت تمام معاملات پر سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کے اثر و رسوخ کو مزید مضبوط ہو گیا ،سال 2025میں مجموعی طور پر ہائبرڈ طرز حکمرانی کے ماڈل کو کسی قسم کے رکاوٹ کی بجائے استحکام حاصل رہا۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) نے پاکستان میں جمہوریت کے معیار کا جائزہ رپورٹ برائے سال 2025 جاری کیا ، رپورٹ میں یہ بات واضح طور پر سامنے آئی ہے کہ جمہوری ادارے ظاہری طور پر اپنی شکل برقرار رکھنے میں تو کامیاب رہے لیکن عملی طور پر ان کی کارکردگی سیکیورٹی پر مبنی طرز حکمرانی کے باعث بتدریج زوال پذیری کا شکار رہی۔ اس "ہائبرڈ" ماڈل کو سویلین حکومت کی مکمل حمایت حاصل رہی ہے، جو جمہوریت کو بتدریج ریاست کی بقا کے تناظر میں دیکھنے لگی۔علاقائی سلامتی کی پیش نظر بشمول بھارت اور افغانستان کے ساتھ کشیدگی، مسلسل داخلی شورشوں اور شدید سیاسی تقسیم نے پاکستان کو ایک سیکیورٹی پر مبنی ریاست بننے میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔پلڈاٹ کی تشخیص اس بات پر روشنی ڈالتی ہے کہ 2025 نے ایک ہائبرڈ طرز حکمرانی کے ماڈل کو ادارہ جاتی نشان زدگی فراہم کیا جس میں جمہوری ادارے، سیکیورٹی اداروں کی طرف سے متعین کردہ خطرات اور ترجیحات کے حدود و قیود کے اندر کام کرتے ہیں کیونکہ اب سیکیورٹی خدشات جمہوری اصولوں اور اقدار پر غالب آ گئے ہیں۔