اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار)وزیر اعلی کے پی آئندہ جمعہ کراچی کے پہلے دورے پر آئینگے،وہ پٹھان آبادیوں والے علاقوں میں جائیں گےاور پہیہ جام و عام ہڑتال کیلئے راہ ہموار کرینگے ،حیدرآباد اور سکھر کے دورے کا بھی امکان ،پی ٹی آئی کے شدت پسند ان کے ساتھ ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل خان آفریدی آئندہ جمعہ کو (9؍ جنوری) کراچی کے اولین دورے پر پہنچ رہے ہیں ان کی کابینہ کے چھ ارکان ان کے ہمراہ ہونگے جن میں لاہور میں بدزبانی کا مظاہرہ کرنے والے دو وزراء بھی شامل ہیں جنہیں سنجیدہ حلقے بدستور ہدف تنقید بنارہے ہیں۔ سہیل آفریدی جو تحریک انصاف کے شدت پسند دھڑے کی قومی سطح پر قیادت کررہے ہیں 8؍ فروری کو پہیہ جام ہڑتال اور پورے ملک کو بند کردینے کے مشن پردورے کررہے ہیں۔ قبل ازیں لاہور کا تین روزہ دورہ اسی مقصد کیلئے کرچکے ہیں۔