اسلام آباد(خالد مصطفیٰ) شدید سردی اور بڑھتی ہوئی طلب کے باوجود، وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیر کے روز ملک میں گیس کی صورتحال اور سرمائی لوڈ مینجمنٹ اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے گذشتہ سال کے مقابلے میں گھریلو صارفین کے لیے بہتر گیس دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔گیس سپلائی اور صارف خدمات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر کو سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی نے جاری موسمِ سرما میں گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کے لیے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی۔ کمپنیوں نے بتایا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر گھریلو صارفین کے لیے گیس فراہمی میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ مشکلات کم کی جا سکیں۔بریفنگ کے مطابق دسمبر 2025 میں سوئی نادرن نے گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی 95 MMCFD گیس فراہم کی، جبکہ SSGC نے 32 MMCFD اضافہ کیا۔ وزیر نے کہا کہ اس سال موسمِ سرما میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کی دستیابی گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر رہی ہے۔