کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ بھٹو کی برطرفی کا تعلق متحدہ مسلم دنیا سے خوفزدہ غیر ملکی قوتوںسے ہے،مراد علی شاہ نےشہید ذوالفقار علی بھٹو کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک دوراندیش، کرشماتی اور عوام دوست رہنما قرار دیا جنہوں نے پاکستان کے سیاسی، آئینی اور دفاعی منظرنامے کو یکسر تبدیل کر دیا۔ جو لوگ بھٹو کو یاد کرنا چاہتے ہیں، انہیں لاڑکانہ یا پیپلز سیکریٹریٹ جانا چاہئے، کیونکہ یہ دونوں مقامات ان کی جدوجہد اور وراثت کی علامت ہیں۔ پیپلز سیکریٹریٹ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں یومِ پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے ضلع ایسٹ کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین کی سالگرہ پر پارٹی کارکنان اور حامیوں کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محنت سعید غنی، سینیٹر وقار مہدی اور دیگر رہنما بڑی تعداد میں موجود تھے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے اور اس وقت کوئی یہ تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ اس دن پیدا ہونے والا بچہ ایک غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل رہنما بنے گا جس کی خدمات نسلوں تک یاد رکھی جائیں گی۔