کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے دہشتگردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہماری پولیس، سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ادارے انتہائی مستعد اور چوکس ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف یہ دوسری بڑی کامیابی ہے، پاکستان کے دشمن ممالک کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا ہے۔ اس سے قبل دہشتگردوں نے ایک بچی کو استعمال کرنے کی کوشش کی تھی اور اسے خودکش جیکٹ دے کر بمبار بنانے کی سازش کی گئی تھی۔ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ حالیہ کارروائی کے دوران 2 ٹن سے زائد بارودی مواد برآمد کیا گیا، جس سے بہت بڑی تباہی ہو سکتی تھی، تاہم ہماری فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس خطرناک منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام اداروں اور اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس سازش کو ناکام بنایا اور ملک کو ایک بڑے سانحے سے بچایا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن ممالک کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان میں امن اور ترقی ہو۔ شدید ناکامیوں کے بعد، بھارت اور افغانستان جیسے ممالک کی جانب سے پراکسی دہشتگردوں کو استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کیا جا سکے۔ اس پورے عمل میں بھارت کا مرکزی کردار ہے اور افغانستان کی سرزمین کو بھی بھارت اپنے مقاصد کے لئے استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف براہِ راست جنگ نہیں لڑ سکتا، اس لئے وہ پراکسیز کا سہارا لے رہا ہے۔