اسلام آباد (طاہر خلیل )اسپیکر سردار ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے سلسلے میں حزب اختلاف کی درخواست پر موجوددستخطوں کی تصدیق و جانچ پڑتال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اسپیکر نے تصدیق کی کہ وہ دستخطوں کی تصدیق کے بعد اپوزیشن لیڈر کی تقرری کریں گے ۔ ہم معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ درخواست جن ارکان کی طرف سے سامنے آئے گی ان کے ناموں کی تصدیق کریں ۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن نے مذاکرات شروع کرنے کےلئے تاحال رابطہ نہیں کیا، مذاکرات میں میرا کردار صرف سہولت کار کا ہے ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا عمل آئندہ پارلیمانی اجلاس میں شروع کیا جائے گا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا کے سینئر نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی نماز جنازہ میں شرکت کےلئے میں نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا ، ان کی نماز جنازہ میں بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ شرکت کی ، بنگلہ دیش کے عوام کی جانب سے پاکستانی وفد کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔