کراچی اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست پر آئندہ سماعت پر وکلا سے حتمی دلائل طلب کرلئے۔ ہائی کورٹ میں بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے کہا کہ مئیر کراچی مرتضٰی وہاب عدالت کے 29 مئی 2024 کے احکامات کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔کے ایم سی کی طرف سے کے الیکٹرک 264 کروڑ روپے جمع کر چکی ہے۔ 29 مئی 2024 کو ہائی کورٹ حکم میں قرار دے چکی ہے کہ کے ایم سی کی وصولی عارضی ہے۔ کے ایم سی کی تمام ریزولوشن کا فیصلہ اس پٹیشن میں کیا جائے گا۔ اس پٹیشن کی ترجیحی بنیادوں پر سماعت کی جائے۔ اس ٹیکس کے متعلق مزید درخواستیں بھی دائر کی گئی ہیں۔ جب تک اس درخواست کا فیصلہ نہیں ہوگا دوسری درخواستوں پر فیصلوں پر بھی عملدرآمد نہیں ہوسکتا۔ عدالت اس درخواست پر قرار دے چکی ہے کہ ٹیکس وصولی کا حتمی فیصلہ اس درخواست کے فیصلے سے مشروط ہوگا۔