کراچی(اسٹاف رپورٹر) گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ نے اینٹی کرپشن کارروائیوں کے خلاف 9جنوری کو سندھ بھر میں نجی اسکولوں اور کالجوں کی مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا ہے، حیدر علی، شہزاد اختر، طارق شاہ، انور بھٹی، دانش الزمان، ناصر زیدی اور دیگر کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسکولوں میں اینٹی کرپشن کارروائیوں کے خلاف وزیراعلیٰ سندھ سے عدالتی فیصلے پر باوقار عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہیں انھوں نے کہا کہ سندھ بھر کے نجی تعلیمی اداروں کو درپیش سنگین مسائل پر روشنی ڈالی اور اینٹی کرپشن کی جانب سے اسکولوں میں جاری تصدیقی کارروائیوں پر شدید خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا بنیادی پیمانہ تعلیم ہے، لیکن بدقسمتی سے سندھ میں لاکھوں بچے آج بھی اسکول سے باہر ہیں، ایسے میں پرائیویٹ تعلیمی ادارے محدود وسائل کے باوجود کم فیسوں میں لاکھوں بچوں کو تعلیم فراہم کر رہے ہیں اور سماجی ذمہ داری کے تحت فری شپ بھی دے رہے ہیں۔پریس کانفرنس میں کہا کہ معزز سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے 8 دسمبر 2025 کے فیصلے کے تحت ریجنل ڈائریکٹرز کی جانب سے جمع کرائی گئی فری شپ فہرستوں کی تصدیق کے لیے اینٹی کرپشن کو ذمہ داری دی گئی، جس کے بعد اینٹی کرپشن ٹیموں نے براہِ راست اسکولوں میں جا کر معائنے شروع کر دیے۔