راولپنڈی(اے پی پی)چیف آف آرمی اسٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیرسے بنگلہ دیش کی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کے خلاف پاک فوج کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ پیشہ ورانہ مہارت، یکسوئی اور عزم کے ساتھ ہمہ جہت چیلنجز کا مقابلہ کرے گا۔ انہوں نے پاک فوج کے بنیادی مشن کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں اور ساتھ ہی اعلی معیار، نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کے کلچر کو فروغ دے رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گزشتہ روزلاہور گیریژن کا دورہ کیاجہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاری، تربیتی معیار اور جنگی صلاحیت میں اضافے کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آرکے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس موقع پر ایک خصوصی فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز کا مشاہدہ کیا جس میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے فوجی جوانوں کے لیے فراہم کردہ کھیلوں اور تفریحی سہولیات کا بھی معائنہ کیا ‘فیلڈمارشل نے سی ایم ایچ لاہور میں قائم ہائی کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا اور جدید سہولیات سے آراستہ اس معیاری طبی مرکز کے قیام پر طبی عملے اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔