کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کی جانب سے ریلوے منصوبوں کے لئے 6.6 ارب روپے فوری جاری کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں 858 کلومیٹر ریلوے ٹریک کی بحالی کا جامع منصوبہ تیارکیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے اس منصوبے کے لئے مکمل تکنیکی معاونت اور رائٹ آف وے فراہم کرے گی۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیر اعلیٰ ہاوس کراچی میں وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی کے درمیان ایک اجلاس میں صوبے کے ریلوے نظام کو جدید بنانے کے لئے اربوں روپے کے منصوبے پر اتفاق کیا گیا۔ منصوبے کا آغاز کراچی تا کشمور اور کراچی تا تھرپارکر روٹس سے ہوگا جس کا مقصد لاکھوں شہریوں کو جدید سفری سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ وزیرِاعلیٰ سندھ نے اجلاس میں عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہم صوبے بھر میں موجود 308 میں سے 100 مینڈ ریلوے کراسنگز کی تبدیلی، ریلوے نظام کی بحالی، اور پہلے مرحلے میں اپنے وسائل سے چھ ٹرینیں جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید چھ ٹرینیں چلانے کے لئے 6.6 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے فوری طور پر فنڈز کے اجرا کی بھی ہدایت دی۔ وزیرِاعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیرِ ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، وزیرِاعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر کے وفد میں سیکریٹری ریلوے مظہر علی شاہ، جنرل منیجر ریلوے عامر بلوچ اور دیگر اعلیٰ افسران شامل تھے۔