کراچی (رفیق مانگٹ)امریکامیں روس کے خلاف مجوزہ نئی پابندیوں کے تحت بھارت کو سخت معاشی دباؤ کا سامنا ہو سکتا ہے۔بھارتی اخبار کے مطابق امریکی سینیٹرلندسے گراہم نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس پرپابندیوں کے بل کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت روسی تیل خریدنے والے ممالک پر 500 فیصد تک درآمدی ٹیرف عائد کیا جا سکے گا۔ اس اقدام کا براہِ راست نشانہ چین، بھارت اور برازیل جیسے ممالک ہو سکتے ہیں۔لندسے گراہم کے مطابق یہ بل صدر ٹرمپ کو یہ اختیار دے گا کہ وہ ان ممالک کو سزا دیں جو سستا روسی تیل خرید کر صدر ولادیمیر پیوٹن کی جنگی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قانون یوکرین جنگ کی مالی معاونت روکنے کے لیے نہایت اہم ہے۔