• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انرجی کانفرنس میں فوری اصلاحات اور ڈیجیٹل تبدیلی پر زور

اسلام آباد\(خالد مصطفیٰ) پاکستان انرجی کانفرنس 2026نے پاکستان کے توانائی کے مستقبل کو محفوظ، پائیدار اور طویل المدتی ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے فوری پالیسی اصلاحات، تیز رفتار ڈیجیٹلائزیشن اور سرمایہ کاری دوست ریگولیٹری فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا ہے۔پیٹرولیم انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کے زیرِ اہتمام یہ کانفرنس جمعرات کو اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر ساختی اصلاحات اور پالیسیوں میں تسلسل نہ اپنایا گیا تو توانائی کے پورے نظام میں غیر مؤثریت، بڑھتے اخراجات اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی کا خطرہ برقرار رہے گا۔کانفرنس کے شرکاء نے ریگولیٹری استحکام اور پالیسی تسلسل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ منظوری کے عمل کو آسان بنایا جائے، ریگولیٹری اداروں کے مابین اوورلیپ کم کیا جائے اور قابلِ پیش گوئی مالی و ٹیرف نظام نافذ کیا جائے، تاکہ بالخصوص تیل و گیس کے اپ اسٹریم شعبے میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔ مقامی توانائی پیداوار میں کمی روکنے کے لیے تلاش و دریافت کی سرگرمیوں، خصوصاً آف شور امکانات، کو بحال کرنے پر بھی زور دیا گیا۔کانفرنس میں مربوط توانائی منصوبہ بندی کی اہمیت اجاگر کی گئی اور سفارش کی گئی کہ گیس، بجلی اور پیٹرولیم پالیسیوں میں ہم آہنگی پیدا کی جائے تاکہ اضافی صلاحیت، ناکارہ اثاثوں اور مہنگی درآمدات پر انحصار سے بچا جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید