لاہور (نیوز ڈیسک)پاکستان میں کرپٹو اور رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی، اماراتی گروپ داماک کی ایم ڈی امیرا سنجوانی کی نواز شریف، مریم نواز، بلال بن ثاقب ودیگر سے ملاقاتیں، سرمایہ کاری کے مواقعوں پر غور، پاکستان کےحقیقی اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کی حکمت عملی کو آگے بڑھانے پر گفتگو،ملاقاتوں میں پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سفیر محمد الزابی اور علی ڈار بھی شریک تھے۔اماراتی گروپ کو ٹرمپ کے قریب سمجھا جاتا ہے، اس کی سربراہ امیرہ، حسین سنجوانی کی صاحبزادی ہیں۔امیر سنجوانی کی پرنانی پاکستانی ہیں، خاندان کے بیشتر افراد کو اردو زبان پر عبور حاصل ہے، آسانی سے پاکستانی کمیونٹی کیساتھ گھل مل جاتے ہیں،پاکستانی کمیونٹی سے قریبی تعلقات بھی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین، پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی اور وزیرِ مملکت، بلال بن ثاقب نے وزیراعظم آفس میں داماک (DAMAC) گروپ کی شریک-مینجنگ ڈائریکٹر اورپریپکو(PRYPCO) کی سی ای او، امیرا حسین سجوانی اور ان کے وفد سے ملاقات کی۔اس ملاقات میں پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر، سالم محمد الزابی نے بھی شرکت کی۔گفتگو کا محور پاکستان کی قومی سطح پر حقیقی دنیا کے اثاثوں کی ٹوکن سازی (Real-world asset tokenisation) کی حکمت عملی کو آگے بڑھانا تھا، جس میں رئیل اسٹیٹ اور دیگر اثاثوں کی ریگولیٹڈ ٹوکن سازی شامل ہے تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے جا سکیں اور مارکیٹ کی شفافیت کو تقویت دی جا سکے۔داماک (DAMAC) گروپ (دبئی) کی مینیجنگ ڈائریکٹر محترمہ امیرا حسین سنجوانی کی نیو میٹرو سٹی کے دورے کے دوران بی ایس ایم (BSM) ڈویلپرز کے چیئرمین فرخ شہزاد ملک نے میزبانی کی۔ داماک( DAMAC) کی منیجنگ ڈائریکٹر امیرا حسین سنجوانی نے لاہور میں بھی مصروف ترین دن گزارا۔ انہوں نے میاں نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی کابینہ وزیر مملکت برائے ملیں اور لاہور کے اندرون شہر (والڈ سٹی) کا دورہ کیا۔ دریں اثنا ٹرمپ برانڈ اور داماک کا اشتراک، دبئی سے امریکا تک اربوں ڈالر سرمایہ کاری، لگژری منصوبے، ٹرمپ کا کہنا ہے امریکا میں نئے ڈیٹا سینٹرز کیلئے حسین سنجوانی کی زیر قیادت 56 کھرب روپے کی سرمایہ کاری کی جائیگی، ٹرمپ انٹرنیشنل گالف کلب دبئی، داماک ہلز میں عالمی معیار کی لگژری گالف سہولیات، تفریحی خدمات فراہم کریگا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے مطابق امریکا میں نئے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کے لیے کم از کم 20 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، جس کی قیادت دبئی کے ارب پتی کاروباری شخصیت اور داماک پراپرٹیز کے بانی حسین سنجوانی کر رہے ہیں۔ یہ سرمایہ کاری ٹیکساس، ایریزونا، اوکلاہوما سمیت متعدد امریکی ریاستوں میں کی جائے گی اور ممکن ہے اس کی مالیت مزید بڑھ جائے۔ اسی پس منظر میں دبئی میں واقع ٹرمپ انٹرنیشنل گالف کلب، جو داماک ہلز میں ایک عالمی معیار کا لگژری اسپورٹس منصوبہ ہے، ٹرمپ برانڈ اور داماک کے دیرینہ تعلق اور مشترکہ کاروباری حکمتِ عملی کی نمایاں مثال سمجھا جاتا ہے۔ مبصرین کے مطابق دبئی میں لگژری رئیل اسٹیٹ اور امریکا میں ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر میں یہ بڑے منصوبے نہ صرف ٹرمپ اور ساجوانی کے کاروباری روابط کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ مشرقِ وسطیٰ اور امریکا کے درمیان سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔