• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجی تعلیمی شعبے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، ارشد ایوب

پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان سے صدر پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (پی۔ ای ۔این) خیبرپختونخوا محمد سلیم خان کی قیادت میں ضلع ہری پور کے وفد نے پشاور میں ملاقات کی اور نجی تعلیمی شعبے کو درپیش مختلف مسائل اور مطالبات پر تفصیلی گفتگو کی ۔اس موقع پر صوبائی صدر محمد سلیم خان نے وزیر تعلیم کو وزارت تعلیم کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی اور نجی تعلیمی اداروں کو درپیش لیبر لاز، سوشل سیکیورٹی اور دیگر قوانین کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ان قوانین میں مجوزہ ترامیم کے لیے صوبائی اسمبلی میں کردار ادا کرنے کی درخواست بھی کی۔وفد نے ایڈمیشن فیس، اینول فنڈ، سمسٹر سسٹم کے نفاذ سے طلبہ کو درپیش مسائل، پی ایس آر اے (PSRA) پورٹل میں طلبہ کی انٹری کے مضمرات، تعلیمی بورڈز کے امور اور کلسٹر سسٹم امتحانات کے حوالے سے بھی وزیر تعلیم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے وفد کے تمام مسائل کو توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ نجی تعلیمی شعبے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو جلد ہدایات بھی جاری کی جائیں گی۔ وفد میں صوبائی نائب صدر فاروق شاہ، ضلعی صدر پی ای این ہری پور بشارت نواز عباسی، جنرل سیکرٹری خورشید احمد، نائب صدور محمد اکبر خان، شہریار خان اور زغفران خان شامل تھے۔ وفد نے مسائل اور مطالبات غور سے سننے اور حل کرنے کی یقین دہانی پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔
پشاور سے مزید