اسلام آباد (رانا غلام قادر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں،متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید موثر معاشی تعاون اور سرمایہ کاری کی سمت بڑھ رہے ہیں، دوسری جانب وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ رمضان پیکج میں پچھلے سال سے بہتر اور موثر ادائیگی کیلئے عملی اقدامات پر مشتمل جامع حکمت عملی اور سفارشات جلد پیش کی جائیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے معروف بزنس گروپ سجوانی گروپ کے وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ وفد سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورہ پاکستان نے دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید تقویت دی ہے اور تعاون کے فروغ کیلئے سازگار فضا قائم کی ہے۔وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حالیہ اعلی سطح کے روابط اور تبادلوں سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے نجی شعبوں اور سرمایہ کاروں کے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے ایک مضبوط بنیاد میسر آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل جدت، بلاک چین اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس تعاون کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں،اماراتی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔