راولپنڈی (این این آئی) عراق نے بھی پاکستان سے جے ایف 17تھنڈر کی خریداری اور سپر مشاق تربیتی طیاروں کی شمولیت میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سرکاری دورہ عراق کے دوران عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اسٹاف پائلٹ مہند غالب محمد راضی الاسدی سے ملاقات کی، پاک فضائیہ کے سربراہ نے تربیت اور مشترکہ صلاحیتوں میں اضافہ کے شعبوں میں عراقی فضائیہ کی مکمل معاونت کیلئے پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا،دونوں فضائیہ کے سربراہان نے باہمی آپریشنل ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگرامز جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق عراقی فضائیہ کے ہیڈکوارٹر آمد پر سربراہ پاک فضائیہ کا تاریخی اور شاندار استقبال کیا گیا، ایئر چیف کو عراقی فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے دوران دوطرفہ عسکری تعاون اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے اْمور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں مشترکہ تربیت، صلاحیت میں اضافے، ایوی ایشن انڈسٹری میں تعاون اور دونوں فضائی افواج کے مابین عملی ہم آہنگی کے فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ائیر چیف نے پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط کو اْجاگر کیا اور اسے دونوں برادر ممالک اور ان کی مسلح افواج کے درمیان دیرپا تعلقات کی بنیاد قرار دیا۔عراقی ایئرچیف نے باہمی تزویراتی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔اس موقع پر عراقی فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کو سراہا۔عراقی کمانڈر نے پاک فضائیہ کے پائلٹس کے ایکسچینج پوسٹنگ پروگرام میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور جے ایفـ17 تھنڈر جنگی طیاروں کی خریداری اور سپر مشاق تربیتی طیاروں کی شمولیت میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔