• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلشن اقبال، فلیٹ میں گیس لیکیج سے دھماکہ خاتون سمیت 6 افراد جھلس کر زخمی، سامان جل کر خاکستر

کراچی (اسٹاف رپورٹر )گلشن اقبال میں واقع فلیٹ میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے میں بچے اور خاتون سمیت 6 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال تھانے کی حدود بلاک 2 حبا ہومز کے پہلے فلور پر واقع فلیٹ نمبر 105 میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی گئی جس کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو رضاکار موقع پر پہنچے اور فلیٹ سے جھلس کر زخمی ہونے والے 6 افراد کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا جہاں ان کی شناخت 50 سالہ شبیر ،22 سالہ حمزہ، 19 سالہ عبدااللہ ، 14 سالہ احمد ، 27 سالہ محسن اور 25 سالہ شمائلہ کے ناموں سے ہوئی۔دھماکے کے بعد فلیٹ میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں فلیٹ میں رکھا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ۔دھماکے کے باعث فلیٹ کا دروازہ بھی ٹوٹ کر دور جا گرا۔پولیس کے مطابق چار منزلہ عمارت میں چھوٹے چھوٹے فیلٹ بنانے ہوئے ہیں ۔ایک فلور پر پانچ فلیٹ بنانے ہوئے ہیں۔جس فلیٹ میں دھماکہ ہوا وہ بھی ایک کمرے کا تھا۔کے الیکٹرک عملے کے مطابق عمارت میں کوئی شارٹ سرکٹ نہیں ہوا ہے۔پولیس نے بتایا کہ آگ گیس لیکج کے باعث لگی۔علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا جیسا لگا زلزلہ آگیا ہو ۔متاثرہ فلیٹ کے ساتھ رہنے والے شخص نے بتایا کہ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ شعلے اس کے گھر تک بھی پہنچ رہے تھے،اس نے بتایا کہ متاثرہ فیملی کافی عرصے سے اس فلیٹ میں رہ رہی ہے۔پولیس کے مطابق زخمیوں میں ایک کی شخص کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید