راولپنڈی/ میران شاہ/ اسلام آباد (ایجنسیاں، نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں میں 11 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا ہے،شمالی وزیرستان میں 6جبکہ ضلع کرم میں 5خوارج مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ بارود برآمد ہوا ، ہلاک خوارج دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اوروزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرآت نہیں کر سکتا، ادھر جنوبی وزیرستان میں خارجی دہشت گردوں کے حملے میں مولانا حافظ سلطان محمد شہید جبکہ ان کی بیٹی زخمی ہوگئیں۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک خوارج کا تعلق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، خوارج دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے کہا کہ غیرملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان اور کرم میں کارروائیوں پر فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، مجھ سمیت پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ارض وطن کی حفاظت کے غیرمتزلزل عزم میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے میں فتنہ الخوارج کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قوم کی حمایت سے خوارجیوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ ادھر جنوبی وزیرستان میں خارجی دہشت گردوں کے حملے میں مولانا حافظ سلطان محمد شہید ہوگئے۔ مولانا حافظ سلطان محمد گزشتہ روز آئی ای ڈی دھماکے میں شدید زخمی ہوئے تھے۔ خارجی دہشت گردوں نے مولانا حافظ سلطان محمد اور ان کی بیٹی کو وانا بازار میں مدرسے کے قریب نشانہ بنایا تھا۔