• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مادورو کی گرفتاری، کیوبن اہلکاروں کی ہلاکت، کیوبا انٹیلی جنس کی بڑی ناکامی

ہوانا (اے ایف پی)مادورو کی گرفتاری اور کیوبن اہلکاروں کی ہلاکت، کیوبا کی انٹیلی جنس کی بڑی ناکامی، داخلی غداری کا خوف: نکولس مادورو نے اپنی حفاظت کیلئے کیوبن محافظوں پر بھروسہ کر رکھا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی افواج کے ہاتھوں وینزویلا کے رہنما نکولس مادورو کی گرفتاری اور اس آپریشن میں ان کی حفاظت پر مامور 32 کیوبن اہلکاروں کی ہلاکت، جزیرے کی معتبر انٹیلی جنس سروسز کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ وینزویلا کی صفوں میں موجود مخالفین کی جانب سے غداری کے خوف کے پیشِ نظر، بائیں بازو کے رہنما مادورو نےاپنے مرحوم سرپرست ہیوگو شاویز کی طرحاپنی سیکورٹی کی ذمہ داری کمیونسٹ حکومت والے ملک کیوبا کے سپرد کر رکھی تھی۔ لیکن کیوبا کے یہ محافظ ان امریکی اسپیشل فورسز کا مقابلہ نہ کر سکے جنہیں امریکی جیٹ طیاروں کی جانب سے وینزویلا کے فضائی دفاعی نظام کو تباہ کیے جانے کے بعد، ایک فوجی کمپاؤنڈ سے مادورو کو اٹھانے کے لیے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بھیجا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے 32 کیوبن اہلکاروں (جن کے ساتھ 23 وینزویلا کے فوجی بھی ہلاک ہوئے) میں سے 21 کا تعلق کیوبا کی وزارتِ داخلہ سے تھا، جو ملک کی انٹیلی جنس سروسز کی نگرانی کرتی ہے۔ باقی ماندہ 11 افراد کا تعلق کیوبا کی فوج سے تھا۔ اے ایف پی کی جانب سے مشورہ کئے جانے والے ماہرین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امریکی آپریشن کی بغیر کسی رکاوٹ کے تکمیل، جو کئی مہینوں تک مکمل رازداری کے ساتھ نہایت باریک بینی سے تیار کیا گیا تھا، کی اصل کلید ʼحملے کی ’اچانک نوعیت‘ تھی۔

اہم خبریں سے مزید