کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ کی تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ آبپاشی اور زرعی ترقی کے تمام کلیدی منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں، سکھر بیراج کے تمام 27دروازوں کی تبدیلی مقررہ مدت میں مکمل کی جائے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جس میں آبپاشی کے نظام اور زرعی ترقی کو صوبے کی معیشت کے لئے نہایت اہم قرار دیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام کلیدی منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ یہ منصوبے غذائی تحفظ اور معاشی استحکام کے لئے ناگزیر ہیں۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہ اجلاس جس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، جام خان شورو، ضیاء الحسن لنجار، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نجم شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، سیکرٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری آبپاشی ظریف کھیڑو، ڈائریکٹر جنرل پی اینڈ ڈی الطاف ساریو اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پانی اور زراعت سے متعلق مسائل کے حل کے لئے جامع حکمتِ عملی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آبپاشی کا مضبوط نظام سندھ کی زرعی کامیابی کی بنیاد ہے۔صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے وزیراعلیٰ سندھ کو سکھر بیراج پر جاری اور آئندہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، جس میں نہری بندش کے دوران بیراج کے 27 دروازوں کی تبدیلی کا اہم منصوبہ شامل ہے۔ اس اپ گریڈیشن کا مقصد فصلوں کے عروج کے موسم میں پانی کی روانی میں خلل سے بچاؤ اور لاکھوں کسانوں کے لئے پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ حکومت نے 25 دروازوں پر کام شروع کر دیا ہے۔