راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت مری میں واسا کے قیام اور سیاحوں کو فری آف کاسٹ صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے موبائل واٹر وین کا اعلان کیا گیا۔وزیر برائے ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہریوں اور سیاحوں کو معیاری بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مری کے دورے کے دوران سیاحوں کو فری آف کاسٹ صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے موبائل واٹر وین کے قیام کا اعلان کیا۔وزیر برائے ہاؤسنگ پنجاب نے اس موقع پر واسا مری آفس کا افتتاح کیا، جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت قائم کیا گیا ہے تاکہ مری میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ واسا مری کے قیام سے شہری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی اور سروس ڈیلیوری کا نظام مزید مؤثر ہوگا۔دورے کے دوران وزیر برائے ہاؤسنگ پنجاب نے پی ایچ اے مری اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران سے مری میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر ایم این اے راجہ اسامہ اشفاق سرور، ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا طیب فرید، ایڈیشنل کمشنر ریونیو عمر کیانی اور منیجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے احمد حسن رانجھا بھی موجود تھے۔