لاہور (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دسمبر 2025 میں گزشتہ برس کے مقابلے ریکارڈ ترسیلات زر بھیجنے پر سمندر پار مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کا پراپیگنڈے کو مسترد کرکے وطن کی تعمیر و ترقی کیلئے ترسیلات زر بھیجنا انکی اپنے ملک سے محبت کی اعلی مثال ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دسمبر 2025 میں 3.6ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں،جو گزشتہ برس کے مقابلے 16.5 فیصد زیادہ ہے، جو حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے، پاکستان کو خطے میں آئی ٹی کا مرکز بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایک بیان اور آئی ٹی ماہر مرحومہ عرفہ کریم رندھاوا کے والدین ثمینہ امجد، امجد کریم رندھاوا اور عرفہ کریم فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو تابندہ اسلام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم اعلیٰ مولانا فضل الرحیم اشرفی مرحوم کے انتقال پر تعزیت کیلئے جامعہ کا دورہ کیا اور منتظمین و مرحوم کے عزیز و اقارب سے اظہار تعزیت کیا۔ اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کا پراپیگنڈے کو مسترد کرکے وطن کی تعمیر و ترقی کیلئے ترسیلات زر بھیجنا انکی اپنے ملک سے محبت کی اعلی مثال ہے،سمندر پار مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو ان پر فخر ہے،سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی بہبود کیلئے اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی آئی ٹی شعبے کی تعلیم و تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، آئی ٹی کی ترقی کے لیے قائم کی گئی عرفہ کریم فاؤنڈیشن کا قیام ایک خوش آئند عمل ہے جس کی حکومتی سطح پر ہر ممکن مدد کو یقینی بنایا جائیگا۔وزیراعظم نے عرفہ کریم کی کم عمری میں ہی آئی ٹی کے میدان میں خدمات اور پاکستان کا نام روشن کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔