کراچی (رفیق مانگٹ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی حملوں کے لیے امریکی فوج کو مزید وقت درکار ہے۔ ٹیلی گراف کے مطابق صدر ٹرمپ فوجی کارروائی پر غور کر رہے ہیں اور انہیں مختلف اہداف کی فہرست پیش کی گئی ہے، جن میں سکیورٹی اداروں کے وہ عناصر بھی شامل ہیں جو مظاہرین کے خلاف خونریز کریک ڈاؤن کے ذمہ دار سمجھے جاتے ہیں۔تاہم خطے میں تعینات امریکی فوجی کمانڈرز نے حکام کو بتایا ہے کہ کسی بھی حملے سے قبل امریکی فوجی پوزیشنز کو مستحکم کرنا اور دفاعی تیاری مکمل کرنا ضروری ہے، کیونکہ ایسی کارروائی ایران کی جانب سے جوابی ردِعمل کو جنم دے سکتی ہے۔ ٹرمپ اس سے قبل خبردار کر چکے ہیں کہ اگر ایرانی سکیورٹی فورسز مظاہرین کو قتل کرتی رہیں تو امریکہ بہت سخت وار کرے گا۔صدر ٹرمپ کو جن آپشنز پر بریفنگ دی گئی ہے ان میں تہران میں غیر فوجی اہداف یا ایرانی نظام کے سکیورٹی ڈھانچے کے بعض حصوں کو نشانہ بنانا شامل ہے،جبکہ پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے وائٹ ہاؤس کو غلط اندازے سے خبردار کیا۔